25 اکتوبر 2013 - 20:30
لیاری میں گینگ وار کا خونی کھیل ،ایک ہی دِن میں10افرادہلاک

کراچی کا علاقہ لیاری جو کبھی فٹ بال، باکسنگ اور محنت کش طبقے کی وجہ سے جانا اور پہچانا جاتا تھا اب گینگ وار کے باعث شہرت اختیار کرتا جارہا ہے.

ابنا: تین روز سے جاری گینگ وار ہے کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ، ہفتے کو لیاری کے مختلف علاقے راکٹوں، دستی بموں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونجتے رہے ، 10افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14زخمی ہوئے جن میں سے 5کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ لیاری کے علاقوں چاکیواڑہ،سنگولین،عیدو لین، پھول پتی لین، بہار کالونی، چیل چوک، دبئی چوک، الفلاح روڈ اور ٹینری روڈ تین دن سے عملی میدان جنگ بنے ہوئے ہیں۔ ویسے تو ان علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے کشیدگی تھی اور گینگ وار کے دو گروپس میں رنجش ہونے کے باعث دونوں مورچہ بند ہوگئے تھے جمعرات کی صبح سے دونوں گروہوں نے ایک دوسرے کے خلاف اعلان جنگ کردیا۔ ہفتے کو لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کے باعث 10افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 14افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔ زخمی افراد میں بابا لاڈلہ کے قریبی ساتھی فرید اور شکیل کمانڈو بھی شامل ہیں۔ سنگولین، عیدو لین اور چاکیواڑہ میں دونوں گروہ ایک دوسرے سے جنگ میں مصروف ہیں اور اس دوران بھاری ہتھیاروں، دستی بموں اور اوان راکٹوں کا آزادانہ استعمال جاری ہے۔ تین دنوں سے جاری گینگ وار کے دوران اب تک لیاری کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد سمیت 16افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں جمعہ اور جمعرات کو تین تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمی افراد کی حالت دو درجن سے تجاوز کر چکی ہے۔

.......

/169